سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کراچی کے صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنوں کو 48 گھنٹوں کے لیے گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس ایس جی سی کے مطابق صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنوں کو 17 جنوری صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کے مختلف حصوں میں گیس کی قلت اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کی جانب سے گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جس سے نظام پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ اس صورتحال میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جا رہی ہے، اسی لیے صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنوں کو عارضی طور پر گیس کی فراہمی معطل کی گئی ہے۔
ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رہائشی علاقوں میں گیس پریشر بہتر ہونے کی توقع ہے جس سے کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات کے لیے گیس کی دستیابی میں بہتری آئے گی۔ کمپنی نے صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشن مالکان سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقررہ مدت کے بعد گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیس کا محتاط استعمال کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین دستیاب وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








