ساڑھے پانچ ارب مختص، کراچی کی سڑکوں کی قسمت جاگ گئی، جانئے کن روڈز کی مرمت ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر بھر میں سڑکوں کی بحالی کا ایک جامع منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس کی مجموعی لاگت کا تخمینہ تقریباً 5 ارب 54 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانا اور کراچی کے شہری بنیادی ڈھانچے کو پائیدار انداز میں جدید اور مضبوط بنانا ہے۔

کے ایم سی کے بیان کے مطابق سندھ حکومت کے شہریوں کو محفوظ اور ہموار سفری سہولیات فراہم کرنے کے وژن کے تحت شہر کی 26 اندرونی سڑکوں پر بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جن کی مجموعی لمبائی 68 کلومیٹر ہے۔

ترجمان کے ایم سی کے مطابق یہ سڑکیں رہائشی اور تجارتی علاقوں کو کراچی کی اہم شاہراہوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور روزانہ بڑی تعداد میں شہری ان پر سفر کرتے ہیں۔

منتخب کی گئی سڑکیں کراچی کے مختلف اضلاع اور ٹاؤنز میں واقع ہیں، جن میں اولمپین اصلاح الدین روڈ، نقاش کاظمی روڈ، سردار علی سبری روڈ، سبطِ اختر روڈ، یو پی موڑ روڈ، پیر بازار روڈ، الامینہ روڈ، رحیمینہ روڈ، نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس، سخی حسن اسٹریٹ، 19-ڈی روڈ، روڈ نمبر 04 اور 05، بدر چوک روڈ، زیڈ ایم سی روڈ، فقیر کالونی بذریعہ مومن آباد، میشم لی روڈ، مشن روڈ، چاند بی بی روڈ، جناح اسکوائر، لیاقت مارکیٹ، کھوکھراپار، لیاقت روڈ، مہران ڈپو روڈ اور ہاشم رضا روڈ شامل ہیں۔

کے ایم سی کے مطابق ان سڑکوں کا انتخاب ٹریفک کے دباؤ، عوامی استعمال اور روزمرہ آمد و رفت اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بحالی کے اس کام سے سڑکوں کی سطح بہتر ہوگی، ان کی پائیداری میں اضافہ ہوگا اور ٹریفک کی روانی اور سڑکوں کی حفاظت میں بہتری آئے گی۔

Related Posts