بسنت 2026 کیلئے لاہور میں سخت سیکیورٹی انتظامات، تفصیلی پلان عدالت میں پیش

تازہ ترین

تازہ ترین

بسنت
(فوٹو: ڈان)

پولیس نے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت 2026 منانے کے تناظر میں سخت سکیورٹی انتظامات پر مشتمل تفصیلی پلان عدالت میں پیش کردیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے پلان میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، غیر قانونی پتنگ بازی کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں اور بسنت 2026 کے لیے گزشتہ 10 سال کے ڈیٹا کی بنیاد پر ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی گئی۔

بسنت 2026 کیلئے لاہور کو لال، پیلے اور ہرے زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ حساس علاقوں میں اضافی سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔  واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا اور صرف کاٹن ڈور اور رجسٹرڈ پتنگیں اڑانے کی اجازت ہوگی۔

اس دوران شیشہ، کیمیکل اور میٹل ڈور کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ ہر پتنگ اور ڈور کی کیو آر کوڈ رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی فوری نشاندہی ہو سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرونز، سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور جدید کنٹرول رومز پتنگ بازی کی نگرانی کریں گے۔

اس کے علاوہ چھتوں پر شراب نوشی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ اور سیفٹی وائرز کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون میں  اینٹینا کے بغیر داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔

 بسنت کا تہوار منانے کیلئے مقررہ دنوں میں شہریوں کی سہولت کے لیے 5 ہزار رکشے مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ریسکیو، ہیلتھ اور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جمع کرائی گئی رپورٹ میں پولیس نے بسنت کے دوران مکمل نظم و ضبط اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ٓ

Related Posts