بجلی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ، ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر

تازہ ترین

تازہ ترین

بجلی کی قیمت
(فوٹو: آن لائن)

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے دسمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کیلئے بجلی کی قیمت 48پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 29 جنوری کو سی پی پی اے کی درخواست کی سماعت کرے گی۔ منظوری ملنے کی صورت میں کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے صارفین کو مجموعی طور پر 4ارب روپے سے زائد کا بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق دسمبر میں مجموعی طور پر 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ ماہ دسمبر میں بجلی کی فی یونٹ لاگت کا تخمینہ 9 روپے 62 پیسے لگایا گیا ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں بجلی کی پیداوار میں ہائیڈل کا حصہ 18.07 فیصد، مقامی کوئلے سے 13.99 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 10.13 فیصد رہا۔ قدرتی گیس سے 11.20 فیصد جبکہ درآمدی گیس نے 17.24 فیصد بجلی پیدا کی۔

درخواست کے مطابق بتایاگیاکہ نیوکلیئر سے بجلی کی پیداوار دسمبر میں 25.05  فیصد رہی،نیپرا کی جانب سے سماعت کےبعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائےگا جس کے اثرات بجلی صارفین کے بلوں پر پڑیں گے۔

Related Posts