ملک بھر میں سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں ایک اور اضافہ ہوگیا، لاہور کے ایک گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں پیش آیا۔ پیکو روڈ پر گھر کے کچن میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ جانے کے باعث گھر میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 5افراد جھلس گئے، جنہیں طبی امداد دینے کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جھلسنے والوں کی عمریں 14 سے 45سال کے درمیان ہیں۔
زخمی افراد کی شناخت 40سالہ عظمیٰ بی بی، 22سالہ فضا، 22سالہ زوہا، 45سالہ عظمت اور 14سالہ کوتابا کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس لیکیج دھماکے سے شادی کا گھر ماتم کدے میں بدل گیا، دولہا اور دلہن سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے کے نتیجے میں متأثرہ علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔
حال ہی میں اسلام آباد کے سیکٹر جی 7ٹو میں پیش آنے والے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے دولہا اور دلہن سمیت 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جبکہ یہ واقعہ مسیحی برادری کو سوگوار کرگیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








