چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں وکلا کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید کو طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو لنک کی سہولت کے باوجود کیسز ملتوی کرنے کی درخواستوں کو قابل تشویش قرار دیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ جلد سماعت کی درخواستوں کے باوجود وکلا سپریم کورٹ میں حاضر نہیں ہوتے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفیردی نے کہا کہ وکلا عدالت میں ویڈیو لنک کی سہولت دستیاب ہونے کے باوجود اسلام آباد نہیں پہنچتے۔ جسٹس شاہد بلال نے چیف جسٹس کو آگہی دی کہ وکلا نے کیسز ملتوی کرنے کی درخواستوں میں غیر معمولی حد تک اضافہ کرلیا ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا کو بار کے ذریعے پابند کریں تاکہ عدالت میں حاضری یقینی ہوسکے۔ صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید نے پیش نہ ہونے والے وکلا پر جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پہلی بار جرمانہ نہیں کریں گے لیکن وکلا کو پابند کرنا ضروری ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت میں وکلا کی غیر حاضری سے سماعت کا عمل اور عدالتی کارروائی متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے سخت اقدامات ضروری ہیں۔ وکلا کو پانبد کرنا اس لیے ضروری ہے تاکہ عدالت کے نظام کو نقصان نہ پہنچے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








