لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، اداکار رانا آفتاب جاں بحق ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

رانا آفتاب
(فوٹو: آن لائن)

ٹیلی وژن اور فلم کے اداکار رانا آفتاب پیر کی صبح اس وقت جاں بحق ہو گئے جب نامعلوم مسلح افراد نے لاہور کے علاقے پارک ویو میں ان کی رہائش گاہ کے باہر ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ ان کی عمر 63 برس تھی۔

تفصیلات کے مطابق اداکار کی گاڑی پر فائرنگ  صبح تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب رانا آفتاب گھر سے روانہ ہو رہے تھے۔ ان کی اہلیہ ہما آفتاب کی جانب سے درج کرائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق سنہری رنگ کی کرولا گاڑی میں سوار تین سے چار نامعلوم افراد نے گیٹ پر ان کی گاڑی کا راستہ روک لیا تھا۔

اہلیہ ہما آفتاب کی درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق ایک حملہ آور گاڑی سے اترا اور کلاشنکوف طرز کے ہتھیار سے رانا آفتاب کی گاڑی پر متعدد فائر کیے۔ فائرنگ کی آواز سن کر ہما آفتاب کے بھائی خرم منشا اور فیصل موقع پر پہنچے اور حملے کے عینی شاہد بنے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان ون وے سوسائٹی کے مرکزی گیٹ سے فرار ہو گئے۔مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کیاجاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا والا مرکزی ملزم تقریباً 5 فٹ 5 انچ قد کا، گندمی رنگت اور درمیانے جسمانی خدوخال کا حامل تھا، اور اس نے شلوار قمیص پہن رکھی تھی۔ حکام نے قتل کا مقدمہ درج کر کے رانا آفتاب کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

اداکار رانا آفتاب کے قتل کے کیس میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم واقعے کے محرکات جاننے کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔ ۔

خیال رہے کہ رانا آفتاب نے چند سال قبل ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ انہوں نے ٹیلی وژن اور فلم میں باوقار کردار، خصوصاً ججوں اور وکلاء کے کردار ادا کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔

ان کے نمایاں ٹی وی  ڈراموں میں لال آندھی، لوگ، اور رکھوالا شامل ہیں، جبکہ انہوں نے پی ٹی وی کی متعدد پنجابی پروڈکشنز میں بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ وحشی گجر، مس اٹلی، میڈم چارلی، شیرِ لاہور اور قبضہ گروپ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئے۔

Related Posts