رکن قومی اسمبلی اور معروف سیاسی شخصیت شیر افضل مروت نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کو رہا کروانا چاہتے تھے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ بھی کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایک یوٹیوب پروگرام میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ٹرمپ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے متحرک تھے اور چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطے میں بھی تھے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اسی دوران قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے بعض اراکین نے امریکا اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کیا جس کی وجہ سے یہ معاملات آگے نہ بڑھ سکے، جبکہ یہ معلومات مجھے انتہائی باوثوق ذرائع سے موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے سفارتی سطح پر پسِ پردہ طور پر پیشرفت تو جاری تھی، تاہم پارلیمنٹ میں سامنے آنے والے احتجاجی رویے نے یہ عمل متأثر کردیا۔
عمران خان کی رہائی اور امریکا
شیر افضل مروت کے بیان کے برعکس بظاہر سطح پر امریکا سمیت کوئی بھی ملک بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے کھل کر کوششیں کرتا دکھائی نہیں دیتا جبکہ عمران خان کی گرفتاری کو ڈھائی سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا جیسا طاقتور ترین ملک اگر پاکستان سے ایسی کوئی خواہش رکھتا تو اس کا حصول زیادہ مشکل بھی نہیں تھا۔
عالمی سطح پر ایک ملک کے مفادات دوسرے سے منسلک ہوا کرتے ہیں۔ خاص طور پر بھارت کے ساتھ امریکا کے خراب ہوتے تجارتی تعلقات اور پاکستان کے ساتھ نئی بلندیوں پر پہنچتے ہوئے تعلقات سے پتہ چلتا ہے کہ امریکا کو پاکستان میں جاری سیاس محاذ آرائی کی بجائے اپنے تجارتی مفادات سے زیادہ دلچسپی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت بھی بڑھ رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








