ہمارے پیاروں کی لاشیں تو ہمیں دے دیں! گل پلازہ کے متاثرین سخت اذیت کا شکار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

گل پلازہ سانحے میں لاپتا ہونے والے افراد کے اہل خانہ جمعرات کو چھٹے روز بھی جائے وقوع پر پہنچے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی بے چینی کا اظہار کیا۔

واقعہ کے مقام کے قریب موجود متاثرہ گھرانوں کی خواتین نے کہا کہ سانحے کے بعد سے وہ اپنے پیاروں کی تلاش میں لگاتار کوششیں کر رہی ہیں مگر ریسکیو آپریشن سست رفتاری کا شکار ہے اور کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جا رہا۔

خواتین نے انتظامیہ اور ریسکیو ٹیم کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملبے کے کچھ حصوں کا کام بھی ابھی تک مکمل نہیں ہوا جس کی وجہ سے وہ انتہائی اعصاب شکن صورتحال سے دوچار ہیں۔

احتجاج کے دوران ایم اے جناح روڈ پر خواتین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور متاثرہ عمارت میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں دور ہٹا دیا۔

اہل خانہ گل پلازہ کے سامنے اپنے لاپتا عزیزوں کی تصاویر اٹھائے پہنچے اور مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیداروں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چھ دن گزرنے کے باوجود ہمارے بچے اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

احتجاجی خواتین نے غم و غصے کے ساتھ مطالبہ کیا کہ ریسکیو آپریشن فوری مکمل کیا جائے تاکہ لاپتا افراد کو زندہ یا مردہ تلاش کیا جا سکے۔

Related Posts