98ویں آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کے اعلان کے ساتھ ہی فلمی دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ایک جانب فلم سنرز نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے آسکر کی تاریخ میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا تو دوسری جانب کئی نامور اداکار اور فلمیں نامزدگی سے محروم رہ گئیں، جس پر شائقین اور ناقدین نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ریان کوگلر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم سنرز (Sinners) کو مجموعی طور پر 16 آسکر نامزدگیاں ملی ہیں، جو اب تک کسی بھی فلم کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز All About Eve، Titanic اور La La Land کے پاس تھا، جنہیں 14، 14 نامزدگیاں حاصل ہوئی تھیں تاہم سنرز نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
فلم میں مائیکل بی جارڈن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اور انہیں پہلی بار بہترین اداکار کے زمرے میں آسکر نامزدگی ملی ہے۔ فلم کو بہترین فلم، بہترین ہدایتکار، اداکاری، اسکرین پلے کے علاوہ متعدد تکنیکی شعبوں جیسے سینماٹوگرافی، میک اپ، ہیئر اسٹائلنگ اور بصری اثرات میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اسی دوران فلم ’One Battle After Another‘ نے 13 نامزدگیاں حاصل کر کے مضبوط موجودگی درج کرائی جبکہ Frankenstein، Hamnet، Sentimental Value اور Bugonia جیسی فلمیں بھی مختلف زمروں میں نمایاں رہیں۔
نامزدگیوں کی فہرست کے مطابق ون بیٹل آفٹر انادر (One Battle After Another) کو 13 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں، جب کہ دیگر فلمیں ’فینکنسٹائن‘، ’ہیم نیٹ‘، ’مارٹی سپریم‘، ’بگو نیا‘، ’دی سیکریٹ ایجنٹ‘، ’سینٹی مینٹل ویلیو‘، ’ٹرین ڈریمز‘ اور ’ایف1‘ بھی مختلف زمروں میں نامزد ہیں۔
اداکاری کے زمروں میں بھی متعدد فلموں اور فنکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں ٹیموتھی شالامی، لیونارڈو ڈیکاپریو، مائیکل بی جارڈن، ایتھن ہاک اور ویگنر مورا جیسے نمایاں اداکار شامل ہیں، جبکہ جیس بکلی، روز برن، کیٹ ہڈسن، رینیٹ رینسوی اور ایما اسٹون بہترین اداکارہ کی دوڑ میں ہیں۔
اسی طرح معاون اداکاری کے زمرے میں بھی متعدد مضبوط نام سامنے آئے ہیں، مثال کے طور پر ڈیل رائے لنڈو، وُنمی موساکو، بینیشیو ڈیل ٹورو، جیکب ایلورڈی اور شون پین جیسی شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین ہدایتکار کے زمرے میں نامزدگیوں میں شامل ہیں پال تھامس اینڈرسن، ریان کوگلر، جاش سیفسڈی، جوآخم ٹرائر اور کلوی ژاؤ، جبکہ تکنیکی شعبوں جیسے بہترین سکرین پلے، بصری اثرات، میک اپ و ہیر اسٹائل اور موسیقی کے لیے بھی متعدد نام شامل ہیں۔
تاہم نامزدگیوں کے اعلان کے بعد سب سے زیادہ بحث ان فلموں اور فنکاروں پر ہوئی جنہیں اس بار آسکر کی فہرست سے باہر رکھا گیا۔ حیران کن طور پر فلم ’Wicked: For Good‘، جو گزشتہ برس 10 نامزدگیاں حاصل کر چکی تھی اور باکس آفس پر بھی کامیاب رہی اس بار ایک بھی نامزدگی حاصل نہ کر سکی۔
اسی طرح اداکار جیس کمپلس (Bugonia)، جویل ایڈگرٹن (Train Dreams) اور ایڈم سینڈلر (Jay Kelly) اپنی مضبوط اداکاری کے باوجود نظر انداز کر دیے گئے۔ محدود اسکرین ٹائم کے باوجود متاثر کن کارکردگی دکھانے والی چیز انفینٹی بھی نامزدگی حاصل نہ کر سکیں۔
فلمی دنیا کے بڑے ناموں میں گلیرمو ڈیل ٹورو کی فلم Frankenstein کو بھی اہم زمروں میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ اداکارہ امانڈا سیفریڈ (The Testament of Anne Lee) اور پال میسکل (Hamnet) بھی آسکر کی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔
اس کے علاوہ جینیفر لارنس، مائلی سائرس، اوڈیسا اے زیون اور ہدایتکار پارک چان وک جیسے نمایاں ناموں کا نامزد نہ ہونا بھی شائقین کے لیے مایوسی کا باعث بنا۔
واضح رہے کہ 98ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 15 مارچ 2026 کو لاس اینجلس میں منعقد ہوگی جہاں فلمی دنیا کے بہترین فنکاروں اور تخلیقات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








