مائیں سوشل میڈیا کیلئے بچوں کی معصومیت بیچ رہی ہیں؟ اداکارہ فضا علی تنقید کی زد میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

معروف پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی کو سوشل میڈیا پر اپنی دس سالہ بیٹی فرال فواد کو نمایاں طور پر سامنے لانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے کلینیکل ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ماہین انوری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین، بالخصوص مائیں، بچوں کی معصومیت کو ویوز اور سوشل میڈیا توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہیں جو بچوں کی ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

فضا علی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کی جھلکیاں بھی شیئر کرتی رہتی ہیں جن میں ان کی بیٹی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہوتی ہیں۔ ان پوسٹس میں بیٹی کے جذباتی لمحات، کھیل کود اور روزمرہ سرگرمیاں دکھائی جاتی ہیں۔ اگرچہ ماضی میں اس مواد کو ذاتی یادوں کے طور پر دیکھا جاتا رہا تاہم حالیہ دنوں میں اسے سوشل میڈیا ویوز اور شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ماہرِ نفسیات ماہین انوری نے اپنی ویڈیو میں اس رجحان کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز بار بار عوامی پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کے دیرپا نفسیاتی اثرات کیا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ایک پندرہ سالہ لڑکی نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی والدہ کے اس رویے کے باعث شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔

ماہین انوری نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی نجی زندگی اور معصومیت کو سوشل میڈیا مواد بنانے سے گریز کریں اور ان کے مستقبل اور ذہنی سکون کو ترجیح دیں۔

دوسری جانب فضا علی کی حمایت میں بھی سوشل میڈیا صارفین سامنے آئے ہیں۔ حامیوں کا کہنا ہے کہ بعض ماہرین اور ناقدین بلاوجہ معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں اور ہر چیز کو غیر ضروری طور پر سنجیدہ بنایا جا رہا ہے تاہم کچھ صارفین نے ماہین انوری کے مؤقف کو بچوں کے تحفظ اور ذہنی صحت کے حوالے سے اہم اور قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔

Related Posts