سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی میونسپل کمشنر افضال زیدی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ سندھ کے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ نے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ افضال زیدی کو سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ گریڈ 19 کی افسر سمیرا حسین کو میونسپل کمشنر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق افضال زیدی گزشتہ کچھ عرصے سے تنقید کی زد میں تھے خاص طور پر 30 نومبر کو نپا کے قریب تین سالہ بچے ابراہیم کی کھلے مین ہول میں گر کر ہلاکت کے بعد ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھے تھے۔
اس کے علاوہ، گل پلازہ میں لگنے والی بھیانک آتشزدگی کے دوران ان کے ردعمل کو بھی ضلعی حکام اور عوام کی طرف سے ناکافی قرار دیا گیا جس کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا کہ افضال زیدی کی خدمات اس عہدے پر مزید مناسب نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ افضال زیدی کو غیر ملکی سفر سے بھی روک دیا گیا تھا جب وہ ترکی جانے کے لیے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تاہم ان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ہونے کے باعث انہیں سفر سے روک دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








