اوورسیز پاکستانی کی جائیداد پر قبضہ ہوا تو 7روز میں فیصلہ ہوگا۔محسن نقوی

تازہ ترین

تازہ ترین

محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اگر کسی اوور سیز پاکستانی کی جائیداد پر قبضہ ہوا تو اس پر 7روز میں فیصلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اوور سیز پاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے محسن نقوی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ اگر کوئی اوور سیز پاکستانی قبضے یا غیر قانونی تصرف کی شکایت درج کروائے تو ڈی سی کو پابند کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائت ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی بھی اوور سیز پاکستانی کی قبضے یا غیر قانونی تصرف کی شکایت درج ہونے پر ڈی سی اسلام آباد 7 روز کے اندر اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ قانون کے مطابق کوئی بھی شخص کسی کی جائز ملکیت پر ناجائز قبضہ نہیں کرسکتا۔اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری خوش آئند اقدام ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول اور محفوظ سرمایہ کاری کیلئے پر عزم ہے جبکہ اوور سیز پاکستانیوں کے اثاثوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تیز اور صاف و شفاف اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

Related Posts