سانحہ گل پلازہ کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ! کراچی وفاق کے حوالے کرو کے بینرز، پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

شہر قائد میں سانحہ گل پلازہ کے بعد سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ پولیس نے کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں دو کے بینرز لگانے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی گلشنِ اقبال پولیس نے رات دیر گئے انجام دی جہاں ملزمان مختلف مقامات پر ایسے بینرز نصب کر رہے تھے جن پر کراچی وفاق کے حوالے کرو کے نعرے درج تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہیں مسکن چورنگی علاقے میں بینرز نصب کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے سب سے پہلے بینرز ہٹائے اور پھر دونوں کارکنان کو گرفتار کیا۔

یہ گرفتاریاں ایسے وقت پر ہوئی ہیں جب کراچی میں چند روز قبل سے سیاسی مطالبات زور پکڑ رہے تھے۔ ایم کیو ایم پی کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی کو وفاقی علاقہ قرار دیا جائے کیونکہ ان کے مطابق صوبائی حکومت شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ملزمان کی گرفتاری کے بعد شہر کی بعض دیواروں اور سڑکوں پر بھی یہی نعرے دیکھے گئے جس سے سیاسی ماحول میں مزید کشیدگی پیدا ہوئی۔ گرفتار کارکنان کے خلاف بینرز غیر قانونی طور پر لگانے اور عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزامات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے تاہم پولیس نے ابھی تک اس معاملے پر سرکاری بیان یا الزامات کی تفصیل جاری نہیں کی ہے۔

واقعے کے بعد ایم کیو ایم پی کے رہنماؤں نے بھی احتجاجی مظاہرے کیے اور حکومتی کارروائی کو غیرجمہوری قرار دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کارکنان پر بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور انہیں سیاسی دباؤ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت کراچی میں سیاسی مباحث اور کشیدگی کو مزید سنگین بنا رہی ہے جہاں شہری حالات، امن و امان اور انتظامی امور پر مختلف سیاسی جماعتیں سخت مؤقف اختیار کر رہی ہیں۔

Related Posts