سابق مس یونیورس پیورٹو ریکو کی شریک 33 سالہ ماڈل اور ٹی وی میزبان جیلین الواریز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک انتہائی ذاتی اور دل دہلا دینے والا اعلان کیا ہے کہ وہ چھاتی کے سرطان (بریسٹ کینسر) کے علاج سے گزر رہی ہیں جس نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا ہے۔
جیلین نے 22 جنوری کو تقریباً 15,000 فالوورز کے ساتھ اپنی صحت کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے پہلے چھاتی میں ایک چھوٹی گلٹی محسوس کی تھی لیکن ابتدائی طور پر اسے نظرانداز کر دیا۔ کچھ عرصہ بعد اس کا سائز بڑھ گیا اور طبی معائنے کے بعد بریسٹ کینسر کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ابتدائی طور پر علامات کو نظرانداز کرنا ایک بڑی غلطی ثابت ہوئی اور اب وہ اپنے خالق پر کامل اعتماد، مضبوط ایمان اور حوصلے کے ساتھ اس بیماری کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ جیلین نے شائقین کو بھی پیغام دیا کہ بروقت تشخیص کتنی اہم ہے اور اس سے زندگی بچائی جا سکتی ہے۔
جیلین نے بتایا کہ وہ فی الحال کیموتھراپی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور خوش قسمتی سے سرطان ابھی جسم کے دیگر حصوں میں نہیں پھیلا۔ علاج کے دوران ان کے بال جھڑ چکے ہیں جس کے لیے وہ وِگ کا استعمال کر رہی ہیں۔
ان کی بین الاقوامی شہرت مس یونیورس پیورٹو ریکو 2021 میں سان لورینزو کی نمائندگی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے سے ہوئی جس کے بعد انہوں نے ٹوٹل لک ایوارڈ بھی جیتا۔ نومبر 2024 میں وہ مس یونیورس کے فائنل میں فاتح نمائندہ کو تاج پہناتے ہوئے اسٹیج پر موجود تھیں۔
جیلین نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی کینسر کے خلاف جنگ کے دوران اپنے تجربات سوشل میڈیا پر شیئر کریں گی تاکہ دوسرے لوگ بھی حوصلہ حاصل کریں اور جلد تشخیص کی اہمیت کو سمجھیں خاص طور پر وہ خواتین جو اپنی صحت کی طرف لاپرواہی برت سکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








