بالی وڈ کے مشہور گلوکار ارجیت سنگھ نے اپنے مداحوں کو حیران کرتے ہوئے پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور اب فلم پروڈکشن اور ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
ارجیت نے 27 جنوری 2026 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب نئی اسائنمنٹس کے لیے پلے بیک گلوکاری نہیں کریں گے مگر موجودہ پروجیکٹس مکمل کریں گے اور کچھ ریلیزز 2026 میں متوقع ہیں۔
انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیا سال مبارک بھی کہا اور کہا کہ وہ موسیقی سے بالکل دستبردار نہیں ہو رہے بلکہ ایک نئے تخلیقی سفر کی شروعات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ارجیت اور ان کی اہلیہ کوئل سنگھ ایک فلم میں کام کر رہے ہیں جس کی شوٹنگ فی الحال شانتی نکیتن میں جاری ہے۔ فلم کی کہانی ایک جنگل ایڈونچر پر مبنی ہے جس میں نواز الدین صدیقی کی بیٹی شوریٰ اور ارجیت کے بیٹے مرکزی کردار ادا کریں گے۔ فلم میں دیبیندو بھٹاچاریہ اور نوازالدین صدیقی کے خصوصی کردار شامل ہیں۔
اریجیت سنگھ اور کوئل سنگھ اس فلم کو مہاویر جین کے ساتھ مل کر پروڈیوس کر رہے ہیں اور دونوں نے مل کر اسکرپٹ بھی لکھا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، فلم کو بھارت میں ریلیز سے پہلے کئی فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جائے گا۔
یہ ارجیت کی پہلی ہدایتکاری نہیں ہے۔ 2018 میں انہوں نے بنگالی فلم سا کی ہدایت کاری کی تھی، جس میں ایک نوجوان لڑکے کے موسیقی کے سفر کو دکھایا گیا تھا۔
ارجیت کا یہ فیصلہ ان کی تخلیقی بے چینی اور نئے افق تلاش کرنے کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ بالی وڈ میں ان کی آواز نے کئی ہٹ گانے دئیے ہیں جیسے تم ہی ہو، کیسریا اور بن تے دل اور اب شائقین یہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں کہ ارجیت کی ہدایت کاری سینما میں کس طرح کی کامیابی لے کر آئے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








