کراچی میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور خراب سڑکوں کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شہزور ٹرک نے 6 سالہ بچے عمر کو کچل دیا۔ یہ حادثہ مہران ٹاؤن، سیکٹر 6 بی میں پیش آیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کے بھائی ناصر کو حراست میں لیا جس کے مطابق گاڑی جاوید چلا رہا تھا۔ علاقہ مکینوں نے واقعے کی ویڈیو بنانا شروع کی تو ملزم دوبارہ فرار ہو گیا۔ پولیس مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی خوفناک حادثات سامنے آ رہے ہیں۔ گلستان جوہر، منور چورنگی کے قریب ایک کار نے راہگیر خاتون کو ٹکر مار دی جس سے 35 سالہ خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے لاش کو اسپتال منتقل کیا اور کار سوار اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
شہر قائد کی شاہراہیں جو معیشت کی شہ رگ کہلاتی ہیں اب شہریوں کے لیے خطرے کا سبب بن چکی ہیں۔ بے لگام بھاری ٹریفک، کم عمر اور لاپرواہ ڈرائیورز اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث کراچی میں ٹریفک حادثات میں روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
یہ المیہ شہریوں کے لیے خوف اور غم کا سبب بن چکا ہے اور اصلاح کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اب بھی سوالیہ نشان ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








