پنجاب کے ضلع میانوالی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی بڑی دہشت گردی سے بچ گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میانوالی میں چاپڑی ڈیم کے قریب کیا گیا، جہاں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ 8 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جس کے بعد سی ٹی ڈی نے فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، ایک دستی بم اور دیگر بارودی مواد برآمد ہوا۔ دہشت گرد پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج سمیت سکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں، جن کے نتیجے میں درجنوں دہشت گرد گرفتار اور ہلاک کردئیے گئے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








