محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کل 31 جنوری سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔حکام نے ہدایت کی کہ موسم کی شدت کے باعث شہری اور سیاح احتیاط کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق آج سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا جس کا تسلسل 3 فروری تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے 3 فروری کے دوران شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے ان میں شمالی بلوچستان، شمالی علاقہ جات، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا کے بیشر علاقے اور گلگت بلتستان شامل ہیں جن میں مطلع ابر آلود رہے گا اور بارش ہوگی، ہلکی سے درمیانی برفباری کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ یکم سے 3 فروری تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، سیالکوٹ، خطہ پوٹھوہار، گجرانوالہ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے علاوہ برفباری کا بھی امکان ہے۔ 31جنوری سے یکم فروری تک بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس جنوری کے دوران ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت کم ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین موسمیات کا ماننا ہے کہ سردی کا یہ سلسلہ مزید کچھ عرصے تک برقرار رہے گا، جس میں بارش سے مزید اضافہ متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








