بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت گر گئی جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ نوٹ کیا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت کم ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمت میں گزشتہ 2 روز میں 42 ہزار سے زائد کے ریکارڈ اضافے کے بعد ایک ہی دن میِں 4 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی اور یہ 5 ہزار 150 ڈالر فی اونس پر آگئی ہے، جو اس سے قبل 5 ہزار 594 ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر تھی۔
اس سے قبل مقامی سطح پر سونے کی قیمت میں 29روز میں فی تولہ 1 لاکھ 18 ہزار کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے سونا 4 لاکھ 54 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار 862روپے فی تولہ ہوگیا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ توقع کے برخلاف سونے کی قیمت میں معمول کے لحاظ سے ایک سال میں ہونے والا اضافہ صرف 30 روز میں ریکارڈ کیا گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 4فیصد کا اضافہ ہوا جو 5ماہ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ برینٹ خام تیل 71 جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 65اعشاریہ 56ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آگیا، جس سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اوگرا کو ارسال کردہ ورکنگ پیپر کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 47پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دے دی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








