بھاٹی گیٹ سانحہ: جاں بحق خاتون کے شوہر کا ایس پی اور ایس ایچ او پر تشدد کا الزام

تازہ ترین

تازہ ترین

خاتون کی لاش
(فوٹو: آن لائن)

لاہور کے بھاٹی گیٹ کے قریب مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر اور بچی کے والد نے ایس پی اور ایس ایچ او پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرنے کیلئے دباؤ ڈالا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جاں بحق خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ جب میں اپنی بیوی اور بچی کے سیوریج لائن میں گر کر حادثے کا شکار ہونے کی اطلاع دینے کیلئے تھانے گیا تو پولیس نے مجھے ہی گرفتار کرلیا۔

گفتگو کے دوران غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ایس پی بلال اور ایس ایچ او زین نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔ میری بیوی کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں تھی اور ہم سیر کیلئے آئے تھے۔ میں نے اپنی آنکھوں سے دونوں کو گرتے ہوئے دیکھا تو ایس پی اور ایس ایچ او کہنے لگے کہ تم جھوٹ بول رہے ہو۔

غلام مرتضیٰ نے کہا کہ پولیس نے مجھ سے موبائل فون لے لیا۔ افسران کہتے رہے کہ میں یہ کہوں کہ میں نے ہی اپنی بیوی اور بچی کو قتل کیا ہے۔ پولیس زبردستی قتل کا الزام منوانا چاہتی تھی۔ میرے ساتھ میرے کزن تنویر کو بھی گرفتار کیا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ خاتون اور اس کی بچی سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں، ابتدائی طور پر پولیس سمیت دیگر ادارے خبر کو جھوٹا قرار دیتے رہے، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کی تھی۔

Related Posts