اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کی کمی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر پہلے سے دو گنا ہوچکے ہیں، جن میں دوست ممالک کے قرضے بھی شامل ہیں۔ ہم نے قرضے لینے کیلئے درخواستیں دیں۔
خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو قرض لینے جاتا ہے، اس کا سر جھکا ہوا ہوتا ہے۔ میں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر خاموشی کے ساتھ کئی ممالک گئے اور انہیں اپنے معاشی پروگرام پر آگہی دی۔ ہم نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام ہے، آپ اتنے ارب ڈالرز دے دیں۔ دوست ممالک کا شکرگزار ہوں کہ مشکل وقت میں ہماری پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب کوئی کسی سے مانگنے جاتا ہے تو عزتِ نفس پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے۔ چین نے ہمارے لیے اربوں ڈالرز رول اوور کیے۔ مشکل ترین چیلنجز میں چین، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر نے ہماری مدد کی۔ ملکی معیشت مستحکم ہوچکی ہے لیکن صورتحال زیادہ بہتر نہیں ہوئی۔ بے روزگاری بڑھی اور برآمدات میں جتنا اضافہ ہونا چاہئے تھا، نہیں ہوا۔
انہوں نے صنعتوں کیلئے ویلنگ چارجز میں 9روپے کی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹرز کیلئے ٹیکس ساڑھے 7فیصد سے کم کرکے ساڑھے 4فیصد پر لا رہے ہیں۔ کاروباری برادری کا موجودہ حکومت پر اعتماد خوش آئند ہے۔ معرکہ حق میں کامیابی سے ملک کی عزت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ معاشی ترقی کیلئے کاروباری حضرات کے مشوروں پر عمل کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








