کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت جینے دو کراچی مارچ ریلی کے پیشِ نظر کراچی پولیس نے ٹریفک کے لیے خصوصی منصوبہ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق صدر سے ایئرپورٹ جانے والے افراد شارع فیصل کے بجائے ایف ٹی سی کے ذریعے کورنگی روڈ استعمال کریں جبکہ ایئرپورٹ سے صدر آنے والے شہری ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ کا رخ کریں۔ اسی طرح کارساز سے شہر کی جانب جانے والوں کو بلوچ کالونی پل سے ایکسپریس وے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام سے جینے کا بنیادی حق چھین لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سردیوں کے موسم میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں 15 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ گل پلازہ میں کئی دن تک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا اور متاثرین کے سامنے ہی ان کا قیمتی سامان جل کر خاک ہو گیا۔
منعم ظفر نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو تاحال اپنے پیاروں کی باقیات تک نہیں مل سکیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خاموشی توڑیں، گھروں سے نکلیں اور شاہراہ فیصل پر بھرپور شرکت کے ذریعے حکومت کو واضح پیغام دیں کہ کراچی جاگ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








