پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے رجانہ میں ایک خوفناک حادثے میں تین خواتین سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ سمندری روڈ پر پیش آیا جب فیصل آباد سے آنے والی ایک تیز رفتار مسافر بس اچانک ایک رکشے سے جا ٹکرائی۔ تصادم کے نتیجے میں رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور بس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کے فوراً بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس سے پولیس اور ریسکیو ٹیم کے لیے تحقیقات اور امدادی کارروائی مشکل ہو گئی۔ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں اور شہریوں کو مزید محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








