خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد نے ٹاؤن بارڈر اسٹیشن (ٹی بی ایس) اور گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لکی مروت کے تھانہ منجیوالا کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم افسران نے دہشت گردی پر مبنی کارروائی کی۔ محکمہ گیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ٹی بی ایس کو شدید نقصان پہنچا۔
محکمہ گیس حکام کے مطابق دھماکے کے بعد سرائے نورنگ اور لکی مروت میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی، جبکہ دھماکے کے باعث گیس کے شدید اخراج کی آواز نے متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورتی فورسز اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کا کنٹرول سنبھال لیا اور گیس فراہمی بحال کرنے کیلئے مرمتی کام کا آغاز کیا گیا جبکہ گیس فراہمی کی معطلی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے گیس کی ایس ایم ایس پائپ لائن کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ستمبر 2025 میں انڈس ہائی وے کے قریب پائپ لائن کے ساتھ بم نصب کیا، جو رات گئے زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور اطراف کے علاقے لرز اٹھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








