چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور تحریکِ آزادی کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر شہدا یادگار پر پھول چڑھائے اور شہدا کی بے مثال قربانی، جرأت اور جدوجہد کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر مقامی معززین اور سابق فوجیوں سے ملاقات بھی کی اور بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ علاقوں میں کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد کو روکنے میں ناکام رہی ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کے حق میں اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ فیلڈ مارشل نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کی صبح جلد طلوع ہوگی اور پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا۔
عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گا اور کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل وابستگی، بلند حوصلہ اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ سخت آپریشنل حالات میں بھی مستعدی اور ہم آہنگی برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا بروقت اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایک فارورڈ پوسٹ کا بھی معائنہ کیا اور محاذ پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کے فوری، مؤثر اور طاقتور جواب کے لیے تیار ہیں اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








