لاہور میں جاری بسنت کے رنگا رنگ تہوار کے دوارن پتنگ بازی سے متعلق حادثات کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 3 بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب 12 بجے کے بعد پتنگ بازی کے دوران مختلف حادثات ہوئے۔ ایک شخص بجلی کے کھمبے سے لٹکی ہوئی پتنگ اتارتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ دیگر حادثات میں 3 بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوئے۔
گلشن راوی میں 8سالہ ارحا کو گلے پر ڈور پھرنے کے باعث زخمی ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ثاقب نامی شخص راوی روڈ کے علاقے میں چھت سے گر کر زخمی ہوگیا جبکہ لوئر مال میں 12 سالہ عبدالواحد پتنگ لوٹتے ہوئے زخمی ہوگیا۔
چودہ سالہ سلمان گلشن راوی کے علاقے میں درخت پر چڑھ کر پتنگ اڑاتے ہوئے نیچے گر گیا۔ رات 12 بجے کے بعد سے اب تک ہونے والے حادثات میں زخمی افراد کی تعداد 6 ہوگئی جنہیں ہسپتال منتقل کرنے کے بعد طبی امداد دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں بسنت کا رنگا رنگ میلہ سج گیا۔ رات 12 بجتے ہی چھتوں پر منچلوں نے ڈیرے لگا لیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زندہ دلانِ لاہور کو بسنت کے آغاز پر مبارکباد دی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے رات 12 بجے پتنگ اڑا کر بسنت فیسٹیول باضابطہ طور پر شروع کیا۔ اس کے ساتھ ہی لاہور کے آسمان پر ستاروں کی جگہ پتنگوں نے لے لی اور آج بھی چھتوں پر پتنگ بازی اور ہلہ گلہ جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








