آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار اننگز کے ساتھ نیدر لینڈز کو 3وکٹس سے شکست دے دی۔قومی ٹیم کے 7 کھلاڑی 114رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔نیدر لینڈز نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 19اعشاریہ 3اوورز میں پورا کرلیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا تھا۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے پہلی وکٹ کی شراکت داری کیلئے 27رنز بنائے۔
کپتان سلمان علی آغا پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 8گیندوں پر 12 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان 31گیندوں پر 47رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم عثمان خان کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔فہیم اشرف نے 11گیندوں پر 29رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
نیدرلینڈز کے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 28 رنز بنائے۔میکس اوڈووڈنے 5رنز بنائے جن کو سلمان مرزا نے آؤٹ کیا جبکہ لیوٹ کو محمد نواز نے آؤٹ کیا جو 24رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نیدر لینڈز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایکرمین نے 20 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم ایسی ہے کہ کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پچ دیکھ رہا ہوں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کوشش ہے کہ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ آج کا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ سری لنکا کی یہ پچ اور کنڈیشنز بولنگ کیئلے سازگار ہیں۔ آج کے میچ میں پاکستان کے 3 فاسٹ بولرز کھیلیں گے۔
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ آج کے میچ میں نیدر لینڈز کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ بارش کی وجہ سے کولمبو کی یہ کنڈیشن بولنگ کیلئے سازگار ہے۔ ہمارے پاس اچھے اسپنرز اور فاسٹ بولرز ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، کپتان سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی اور ابرار احمد شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








