متنازعہ یوٹیوبر ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہو جائے گی؟ جانیں آج کی سماعت کی مکمل رواد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

لاہور کی مقامی عدالت نے آن لائن جوا اور بیٹنگ ویب سائٹس کی تشہیر کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر شریک ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مقدمے کی سماعت کے دوران فردِ جرم پڑھ کر سنائی جس کے بعد تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو 23 فروری کو طلب کر لیا ہے۔ اس موقع پر ڈکی بھائی ان کی اہلیہ اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے درج کیا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے غیر قانونی آن لائن جوا اور بیٹنگ ویب سائٹس، جن میں بنومو، 1xBet اور Bet365 شامل ہیں، کی تشہیر کی۔

تفتیشی ادارے کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پر اپنی بڑی فالوونگ کا استعمال کرتے ہوئے ان پلیٹ فارمز کو فروغ دیا جس کے نتیجے میں عوام کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔

تحقیقات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ڈکی بھائی ان غیر ملکی بیٹنگ ایپس کے لیے غیر مجاز طور پر بطور کنٹری مینیجر کام کر رہے تھے۔

یہ مقدمہ 17 اگست 2025 کو اس وقت سامنے آیا جب سعد الرحمان کو لاہور ایئرپورٹ سے بیرونِ ملک روانگی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے 26 نومبر 2025 کو انہیں تقریباً 100 دن حراست میں رہنے کے بعد ضمانت پر رہا کیا۔

رہائی کے بعد ڈکی بھائی نے الزام عائد کیا کہ حراست کے دوران انہیں جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان الزامات کی تحقیقات کے نتیجے میں چھ این سی سی آئی اے افسران جن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری بھی شامل تھے کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور مبینہ بھتہ طلب کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 فروری 2026 تک ملتوی کر دی ہے جہاں استغاثہ کے گواہان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

Related Posts