کیا بھارت کیخلاف میچ پر پاکستان کو آئینہ دکھایا گیا؟ آئی سی سی نے بھانڈا پھوڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پاک بھارت میچ
(فوٹو: آن لائن)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بنگلہ دیش سے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈہ مسترد کردیا۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت میچ پر پاکستان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا، الٹا ہتھیار پاکستان کو ڈالنے پڑے، حالانکہ آئی سی سی وفد نے پاکستان آمد کا فیصلہ خود کیا تھا۔ 

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے مابین مذاکرات کے اختتام کے بعد آئی سی سی کا اعلامیہ سامنے آیا، جس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا مثبت اور تعمیری دور ہوا اور اس میں ورلڈکپ 2026 کے علاوہ کرکٹ کے مستقبل پر بات چیت ہوئی۔

ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی فل ممبر حیثیت کی دوبارہ نہ صرف توثیق کی بلکہ یہ اعلان بھی کیا کہ عدم شرکت کے طویل المدتی اثرات نہیں ہوں گے اور بنگلہ دیش پر کوئی مالی یا انتظامی پابندی بھی عائد نہیں کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو تنازعہ حل کمیٹی سے رجوع کرنے کا حق دیا گیا ہے، جبکہ بنگلہ دیش کو 2031 سے قبل آئی سی سی کے کسی نہ کسی ایونٹ کی میزبانی کا موقع بھی دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے مفاہمت کی شرط پر ہی بھارت کے خلاف میچ کیلئے رضامندی ظاہر کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ میں شرکت کیلئے رضامندی کے بعد بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے منفی پراپیگنڈہ وار جاری ہے۔ بھارتی میڈیا نے ہرزہ سرائی کی کہ پاکستان بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ کے بائیکاٹ کو ایک دباؤ کے حربے کے طور پر استعمال کررہا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے خلاف میچ سے انکار کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، آئی سی سی اور بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ کے مابین جو طویل مذاکرات ہوئے، ان سے پاکستان کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی 20 ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج میچ 15فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

Related Posts