راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا جبکہ ڈاکٹرز کی ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔ عمران خان کا معائنہ کرنے والی طبی ٹیم اڈیالہ جیل میں مختلف ٹیسٹس سمیت دیگر عوامل کے بعد واپس روانہ ہوئی۔ طبی ٹیم میں ڈاکٹر آفاق، ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹر عارف شامل تھے۔
جیل ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا جس میں آنکھوں کے معائنے کے علاوہ بلڈ سیمپلنگ، بلڈ پریشر اور دیگر مختلف ٹیسٹس کیے گئے۔ میڈیکل بورڈ بانی پی ٹی آئی کی مکمل طبی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔
خیال رہے کہ میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کی ٹیم کا تعلق راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال سے ہے۔ ہسپتال کی ایمبولینس طبی عملے اور ضروری آلات کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ ایمبولینس جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر داخل ہوئی تھی۔
اس موقعے پر اڈیالہ جیل کے اطراف میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ جیل کے باہر اضافی نفری تعینات تھی جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی بھی جاری رہی۔ ایمبولینس میں آنکھوں کے معائنے کیلئے خصوصی طبی آلات موجود تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








