بنکاک: ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے سنسنی خیز میچ میں بھارتی ویمن ٹیم نے پاکستان کو 8وکٹس سے شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنکاک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 94رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے صرف 2 وکٹس کے نقصان پر 10اعشاریہ 1 اوورز میں ہدف پورا کرلیا۔
بھارتی کھلاڑی ورندا نے صرف 29گیندوں پر 55 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ 12 چوکوں کی مدد سے ورندا کی ففٹی مکمل ہوئی جبکہ انوشکا نے 24رنز بنا کر نمایاں کھلاڑیوں میں اپنا نام شامل کیا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کی وحیدہ اختر اور مومنہ ریاض نے مخالف ٹیم کی ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، تاہم میچ میں جیت بھارت کی رہی اور میچ مکمل طور پر یکطرفہ نظر آیا۔بھارتی ٹیم کے کھیل میں ابھی 59بالز باقی تھیں کہ بھارت نے ہدف پورا کرلیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کپتان رادھا یادو کی ٹیم نے پہلی گیند سے ہی کھیل پر حاوی رہ کر میچ میں اپنا پلڑا بھاری رکھا جبکہ پاکستانی ٹیم کی وکٹس مسلسل گرتی رہیں۔ پاکستان کی ایک بھی پارٹنرشپ جم کر نہ کھیل سکی جبکہ بھارت کیلئے 94رنز کا ہدف انتہائی آسان رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








