سری لنکا کے سب سے بڑے شہر کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان کے مابین ہائی وولٹیج ٹی 20 میچ کا ٹاس ہوا، ٹاس جیتنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ہمیں اندازہ ہے کہ اس قسم کی پچز پر کیسے کھیلا جاسکتا ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادو ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
تاس کے موقعے پر پاکستانی اور بھارتی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔ دونوں کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے پر شائقین کرکٹ میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شائقین کا ماننا ہے کہ بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی مودی حکومت کی کرکٹ دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسٹاف سے ملاقات کر کے ان کے حوصلے بڑھائے اور ٹیم کی محنت اور لگن کو سراہا۔
کولمبو میں ملاقات کے دوران چیئرمین نے کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان سے کہا کہ بورڈ ہمیشہ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ اس موقع پر کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، منیجر نوید اکرم چیمہ، تمام کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف موجود تھے۔
اس کے علاوہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا عامر میر بھی ملاقات میں شریک تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








