وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری اداروں اور مختلف دفاتر کے لیے عارضی اوقات کار کے ابتدائی شیڈول کی تفصیلات بتائیں ہیں۔ ہفتے میں پانچ دن کھلنے والے دفاتر صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کام کریں گے تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
پاسپورٹ دفاتر
رمضان کے دوران شہری سہولت کے لیے ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے اوقات میں وقتی تبدیلی کی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق پیر سے جمعرات تک شہری صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ٹوکن اور دیگر سروسز حاصل کر سکیں گے۔ مجموعی دفتری اوقات ساڑھے آٹھ بجے صبح سے ساڑھے چار بجے شام تک برقرار رہیں گے۔ جمعہ کو عوامی سروس صبح 9 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک دستیاب ہوگی۔
تمام دفاتر میں روزانہ دوپہر 1 بجے سے 1:30 بجے تک نماز کا وقفہ رکھا گیا ہے تاہم یہ خصوصی اوقات بڑے مراکز جیسے اسلام آباد، لاہور، کراچی کے مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر اور نادرا کے بعض میگا سینٹرز پر لاگو نہیں ہوں گے۔
عدالتی اوقات کار
وفاقی آئینی عدالت نے رمضان کے دوران دفتری اوقات کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن چیف جسٹس کی منظوری کے بعد جاری ہوا اور اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے دفاتر پر نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیر تا جمعرات دفاتر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔ دفتری اوقات ختم ہونے سے ایک گھنٹہ قبل کوئی بھی کیس وصول نہیں کیا جائے گا تاہم انتہائی ضروری اور ارجنٹ نوعیت کے کیسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اسکولوں کے اوقات کار
حکومت پنجاب کے محکمۂ تعلیم نے رمضان المبارک 2026 کے دوران سرکاری و نجی سکولوں کے لیے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور والدین کو سہولت فراہم کرنا اور روزے کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کو آسان بنانا ہے۔
محکمۂ تعلیم کے مطابق یہ اوقات پورے صوبے میں یکساں ہوں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات جلد اپنے سرکاری سوشل میڈیا صفحات پر رمضان کے سکولوں کے اوقات کار کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ یہ نئے اوقات 19 فروری 2026 سے نافذ العمل ہوں گے، جب رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رمضان میں سکولوں کے اوقات عام دنوں سے مختلف ہوں گے تاکہ گرمی اور تھکن کے اثرات کم کیے جا سکیں۔ تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا لیکن طلبہ کو غیر ضروری دباؤ سے بچایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








