خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اس اطلاع پر کیا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے عناصر علاقے میں موجود ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








