امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل ایک عظیم شخصیت اور بہترین فائٹر ہیں۔ انہوں نے یہ ریمارکس واشنگٹن میں منعقدہ غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس کے دوران دیئے جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی شریک تھے۔
اجلاس میں چین، روس اور برطانیہ سمیت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے بعض مستقل اراکین موجود نہیں تھے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک آٹھ جنگیں ختم کروا چکے ہیں جبکہ نویں تنازع اپنے اختتام کے قریب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ ان کے تعلقات خوشگوار ہیں تاہم انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ تعلقات کو خاص طور پر سراہا۔
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے انہیں عظیم انسان اور بہترین فائٹر قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب دونوں ممالک کے درمیان صورتحال سنگین ہو رہی تھی تو امریکہ نے اپنا کردار ادا کیا اور جنگ رکوانے میں مدد دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ اگر کشیدگی کم نہ کی گئی تو سخت تجارتی ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کشیدگی کے دوران متعدد جنگی طیارے گرائے گئے اور اسی عرصے میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ان کے قریبی روابط قائم ہوئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








