وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، مشترکہ کریک ڈاؤن میں 2000 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس، پاکستان رینجرز، سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس اداروں نے راولپنڈی اسلام آباد، جہلم، اٹک اور چکوال میں مشترکہ سرچ اور کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے درجنوں گھروں کی تلاشی لی اور چھان بین کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنایا جارہا ہے، قانون کے مطابق قیام رکھنے والوں کو پریشانی نہیں ہوگی۔ آپریشن کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور غیر قانونی سرگرمیوں کاخاتمہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس دوران مساجد کی سکیورٹی سخت رہی۔اسلام آبادکے علاقے ترنول میں درجنوں مقامات کی چھان بین ہوئی جبکہ اٹک مین 5 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز ہوئے۔ جہلم کے علاقے دینہ میں مشترکہ کومبنگ آپریشن کے دوران 25 گھروں کی تلاشی، 62افراد کی چیکنگ اور 18 رہائشی افراد کی مکمل پروفائلنگ ہوئی۔
چکوال میں سکیورٹی اداروں نے 47گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کی تلاشی لیتے ہوئے 98افراد کی دستاویزات کی چیکنگ کی، آپریشن میں لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ اسلام آباد کے علاوہ مری میں بھی رمضان کے دوران نگرانی مزید سخت کردی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








