سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ عہدے سے ہٹائے جانے والے پیر محمد شاہ کو دوبارہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی تعینات کر دیا گیا۔ 20 گریڈ کے افسر پیر محمد شاہ کو ڈی آئی جی ٹریفک تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مظہر نواز شیخ سے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کے واقعے کے بعد ٹریفک کے بد ترین انتظامات پر گزشتہ ماہ ڈی آئی جی ٹریفک (کراچی) پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم معروف صحافی طہٰ عبیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اصل وجہ گل پلازہ نہیں بلکہ کراچی کے معروف بزنس مین دانش متین کے اغواء کے معاملے میں پیر محمد شاہ کی مبینہ مداخلت ہے۔
کرائم رپورٹر طہٰ عبیدی نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ 14 جنوری 2026 کی شام سات بجے حیدرآباد پولیس کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی، امیر خسرو روڈ، فیز 6 پہنچی اور دانش متین کو اغواء کر کے حیدرآباد لے گئی۔ دانش متین متین سنز کے مالک اور ایک طاقتور بزنس مین ہیں۔ اغواء کے واقعے کے بعد اداروں میں ہلچل مچ گئی اور بزنس مین کو بعد میں دفتر کے قریب چھوڑ دیا گیا۔
دانش متین کے اغواء کے بعد تحقیقات میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا نام سامنے آیا۔ اغواء 31 کروڑ روپے کے لین دین سے متعلق تھا اور دعویٰ ہے کہ پیر محمد شاہ نے اس میں پاور پریکٹس کی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی کو خط لکھ کر وضاحت طلب کی تھی لیکن پیر محمد شاہ نے اپنی پوزیشن واضح نہیں کی جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
صحافی طہٰ عبیدی نے دعوی کیا کہ معروف تاجر دانش متین نے اپنی بازیابی کے بعد گزری تھانہ کراچی میں 365A اغواء کا مقدمہ درج کروایا۔ مقدمے میں بتایا گیا کہ وہ شام سات بجے اپنے دفتر سے گھر جا رہے تھے کہ ایک سفید گاڑی BEB 567 نے انہیں روکا، تشدد کا نشانہ بنایا اور اغواء کرلیا۔ اغواء کاروں نے ایک ملین روپے نقد، موبائل فون اور قیمتی گھڑی تحویل میں لی ساتھ ہی 30 ملین روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا۔ طاقتور بزنس کمیونٹی کی مداخلت سے دانش متین رات 11 بجکر 40 منٹ پر دفتر کے قریب چھوڑ دیے گئے۔
حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ پیر محمد شاہ کو گل پلازہ سانحے کے بعد ٹریفک کی صورتحال کنٹرول نہ کرنے پر عہدے سے ہٹایا گیا۔ ان کی جگہ مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک پولیس تعینات کیا گیا ہے۔ گل پلازہ کے بعد سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال ابتر رہی جس سے فائر بریگیڈ کو پلازہ تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








