صرف انسان نہیں کائنات میں خلائی مخلوق بھی موجود ہے! ناسا انجینئر کا تہلکہ خیز انکشاف

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکی خلائی ادارے ناسا کے سینئر انجینئر گینٹری لی نے کہا ہے کہ کائنات کی وسعت کو مدنظر رکھا جائے تو غیر زمینی یا ایلیئن زندگی کا وجود تقریباً یقینی دکھائی دیتا ہے تاہم اب تک اس بات کا کوئی سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ کوئی ایلیئن یا ان کی کوئی مشین کبھی زمین پر اتری ہو۔

امریکی شہر فینکس، ایریزونا میں امریکن ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف سائنس کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گینٹری لی نے کہا کہ آج تک کوئی ایسا قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں جو یہ ثابت کرے کہ کوئی ایلیئن یا ایلیئن ٹیکنالوجی زمین پر آئی ہے۔ ان کے مطابق اگر کوئی اس کے برعکس یقین رکھتا ہے تو وہ سائنسی شواہد کے بجائے غلط فہمی کا شکار ہے۔

گینٹری لی نے کیپلر ٹیلی اسکوپ کے مشاہدات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کہکشاں ملکی وے میں اندازاً ایک کھرب (ٹریلین) کے قریب سیارے موجود ہو سکتے ہیں۔ اگر کیپلر کی جانب سے دیکھا گیا حصہ پوری کائنات کی نمائندگی کرتا ہے تو اتنی بڑی تعداد میں سیاروں کی موجودگی اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ کہیں نہ کہیں زندگی کا وجود ضرور ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کبھی انسانیت کا کسی ذہین ایلیئن تہذیب سے رابطہ ہو جاتا ہے تو یہ واقعہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا سنگِ میل ثابت ہوگا اور ماضی کی تمام دریافتیں اس کے مقابلے میں کم اہم محسوس ہوں گی۔

انہوں نے یو ایف اوز اور ایلیئنز کے زمین پر آنے سے متعلق پائے جانے والے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان نظریات کی تاحال کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔ دوسری جانب ناسا اور یورپی خلائی ایجنسی مریخ اور مشتری و زحل کے چاندوں پر زندگی کے آثار تلاش کرنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایلیئنز اور یو ایف اوز سے متعلق خفیہ دستاویزات جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سابق صدر باراک اوباما بھی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ شماریاتی اعتبار سے ایلیئن زندگی کا امکان موجود ہے تاہم زمین پر ان کی آمد کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

گینٹری لی کا مؤقف واضح ہے کہ کائنات کی وسعت اور سیاروں کی بے شمار تعداد زندگی کے وجود کی طرف اشارہ کرتی ہے لیکن زمین پر ایلیئنز کی آمد یا براہِ راست رابطے کے دعوؤں کی اب تک کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔

گینٹری لی 1968 سے ناسا سے وابستہ ہیں اور وہ وائیکنگ (مریخ مشن)، کیوریوسٹی روور، ڈان، جونو اور گریل جیسے اہم خلائی مشنز کا حصہ رہ چکے ہیں۔

Related Posts