حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کی مالی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر رمضان مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے کی نقد امداد دی جا رہی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ اس بار اس امدادی رقم کے لیے راشن کارڈ کی شرط ختم کر دی گئی ہے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ آسانی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر ان محنت کشوں کے لیے ہے جو پنجاب ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (PESSI) میں رجسٹرڈ ہیں لیکن ان کے پاس مریم نواز راشن کارڈ نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خود تصدیق کی ہے کہ یہ رقم اہل افراد کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے اور اب وصول کرنے کا عمل جاری ہے۔ تقریباً 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکرز اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔
رقم وصول کرنے کا آسان طریقہ
اگر آپ کو بینک آف پنجاب کی طرف سے رقم کی وصولی کا ایس ایم ایس موصول ہو چکا ہے تو درج ذیل اقدامات کریں۔
اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (CNIC) ساتھ رکھیں۔
اپنا وہی موبائل نمبر استعمال کریں جو سوشل سیکیورٹی اسکیم میں رجسٹرڈ ہے۔
قریبی HBL Konnect، UBL Omni، یا Alfa Pay کے ایجنٹ سے رابطہ کریں۔
ایجنٹ کو اپنا CNIC دکھائیں اور رجسٹرڈ موبائل نمبر بتائیں۔
آپ کو موصول ہونے والا 6 ہندسوں کا کوڈ (PIN) ایجنٹ کو دکھائیں۔
ایجنٹ بائیومیٹرک تصدیق (انگوٹھے کی پرنٹ) مکمل کرے گا۔
تصدیق کے بعد آپ کو فوری طور پر 10 ہزار روپے نقد مل جائیں گے اور موبائل پر تصدیقی پیغام بھی آ جائے گا۔
حکام کی جانب سے واضح ہدایت ہے کہ کوئی بھی شخص اپنا پن کوڈ یا کوئی خفیہ معلومات کسی اجنبی کو نہ بتائے۔ کسی بھی قسم کے فراڈ سے بچنے کے لیے احتیاط برتیں اور صرف سرکاری طور پر منظور شدہ ایجنٹس سے ہی رابطہ کریں۔
یہ اقدام رمضان کے دوران لوگوں کے بوجھ کو کم کرنے اور شفاف طریقے سے امداد پہنچانے کا ایک اہم قدم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








