عمر ایوب، زرتاج گل، شبلی فراز، حماد اظہراور کنول شوذب سمیت 47ملزمان کو 10،10سال قید کی سزا

تازہ ترین

تازہ ترین

زرتاج گل وزیر
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے عمر ایوب، زرتاج گل وزیر، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر اور کنول شوزب سمیت 47 ملزمان کو 10، 10 برس قید کی سزا سنا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو کیس کی سماعت کے بعد جاری کیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتہاری ملزمان کو قید کے ساتھ 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

جن پی ٹی آئی رہنماؤں اور سابق وزرا کو سزائیں سنائی گئیں، ان میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور راشد شفیق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ کے نام شامل ہیں۔ عدالت نے شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی کو بھی سزا سنا دی۔

اے ٹی سی نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پرحملوں میں ملوث ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزمان کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث مرکزی ملزم قرار دیا ہے۔ ملزمان پر 9مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

فیصلے کے مطابق سنگین مقدمےمیں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ اب تک استغاثہ کے 44گواہان کے بیانات بھی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔ 118 میں سے 18 ملزمان عدالت میں مقدمے کی سماعت سے مسلسل غیر حاضر رہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ  29ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔انسداد دہشتگردی ایکٹ کےتحت47 اشتہاری ملزمان کی علیحدہ سماعت ہوئی، پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دائرکی تھی۔

Related Posts