ہرنائی اور بسیمہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 15 دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

دہشت گرد
(فوٹو: وی نیوز)

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 5 مارچ کو ضلع ہرنائی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 بھارتی پراکسی خوارج جہنم واصل کردئیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے ایک اور آپریشن میں ضلع بسیمہ میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا اور شدید جھڑپ کے بعد تین بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جبکہ  علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Related Posts