موسم گرما کی آمد آمد ہے اور گرمی کا موسم اور شدید دھوپ جلد کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں، پسینہ، گرد و غبار اور آلودگی مل کر جلد کو بے رنگ، خشک اور تھکی ہوئی بنا دیتے ہیں۔ کئی خواتین پارلر یا مہنگے اسکربز کا سہارا لیتی ہیں لیکن یہ اکثر مسئلے کو بڑھا کر نقصان پہنچاتے ہیں لیکن اب گھر بیٹھے ہی آپ قدرتی اور محفوظ طریقے سے جلد کو صاف، نرم اور چمکدار بنا سکتی ہیں۔
بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق ہمارے کچن میں دستیاب سادہ اجزاء سے بنائے گئے قدرتی اسکرب پارلر جتنا اثر دکھاتے ہیں بلکہ یہ جلد کی قدرتی حفاظت بھی کرتے ہیں اور کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں چھوڑتے۔
بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق ان اسکرب کو ہفتے میں صرف 1 سے 2 بار استعمال کرنے سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔ باقاعدگی سے استعمال سے مردہ خلیات دور ہوتے ہیں، ٹیننگ کم ہوتی ہے اور چہرہ قدرتی طور پر چمکدار اور صحت مند نظر آنے لگتا ہے۔
یہاں چند آسان اور موثر گھریلو اسکرب کی ترکیبیں ہیں۔
کافی اور شہد کا اسکرب
کافی پاؤڈر کو تھوڑے سے شہد میں ملا کر گاڑھا پیسٹ تیار کریں۔ اسے چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔ یہ مردہ جلد کو آسانی سے ہٹاتا ہے اور آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
بیسن، ہلدی اور دودھ کا اسکرب
بیسن میں ایک چٹکی ہلدی اور کچا دودھ ملا کر پیسٹ بنائیں۔ یہ تیل والی جلد کے لیے بہترین ہے اور ٹیننگ کو جلدی دور کرتا ہے۔ چہرے پر لگا کر سرکلر موشن میں مساج کریں، 10 منٹ رکھیں اور پھر دھو لیں۔
اوٹس اور دودھ کا اسکرب
اوٹس کو باریک پیس کر دودھ میں مکس کریں۔ حساس جلد والوں کے لیے یہ سب سے محفوظ آپشن ہے۔ یہ مردہ خلیات کو ہٹاتا ہے اور جلد کو نرم اور چمکدار رکھتا ہے۔
لیموں اور چینی کا اسکرب
لیموں کے تازہ رس میں موٹی چینی ملا کر استعمال کریں۔ یہ بلیک ہیڈز اور داغ دھبوں کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے، جلد کو روشن اور صاف بناتا ہے۔ مہاسوں کی جگہوں پر بھی فائدہ مند ہے۔
ایلو ویرا اور براؤن شوگر کا اسکرب
تازہ ایلو ویرا جیل کو براؤن شوگر کے ساتھ ملا کر مساج کریں۔ یہ جلد کو سکون دیتا ہے، مردہ تہہ ہٹاتا ہے اور قدرتی چمک بحال کرتا ہے۔ مکمل طور پر قدرتی ہونے کی وجہ سے جلد کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔
ان اسکرب کو استعمال کرتے وقت یاد رکھیں کہ لیموں والے اسکرب کو سورج کی روشنی میں نہ نکلیں کیونکہ یہ جلد کو حساس بنا سکتا ہے۔ ہمیشہ پیچ ٹیسٹ کر لیں اور اگر جلد بہت حساس ہے تو استعمال سے پہلے ماہرین مشورہ لے لیں۔
یہ سادہ ترکیبیں نہ صرف آپ کا پیسہ بچائیں گی بلکہ جلد کو کیمیکلز سے بھی محفوظ رکھیں گی۔ گھر پر ہی پارلر جیسی خوبصورتی حاصل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








