کراچی سمیت ملک بھر میں آج 21 رمضان بروز 11 مارچ 2026 کو داماد رسول ﷺ حضرت علیؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں چھوٹے اور بڑے جلوس نکالے جا رہے ہیں اور انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں۔
کراچی میں انتظامات
کراچی میں صدر اور دیگر اہم علاقوں کی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔ مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی اور جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر کی جانب روانہ ہے۔
ٹریفک کی صورتحال
ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش سے ٹاور آنے اور جانے والی مین ایم اے جناح روڈ دونوں طرف سے بند ہے۔ صدر دواخانہ، ایمپریس مارکیٹ سے ریگل چوک تک تمام سڑکیں اور کٹس ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
سکیورٹی اقدامات
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جلوس کے راستوں پر نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہیں۔ ہنگامی صورت حال کے لیے کوئیک رسپانس ٹیمیں الرٹ ہیں۔ اہم اسپتالوں میں بھی پولیس نفری موجود ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری نمبر 15 پر دیں۔
وزیر داخلہ سندھ کے احکامات
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ یومِ شہادت کے موقع پر صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ برقرار رکھی جائے۔ شب قدر اور طاق راتوں کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں پر اضافی سکیورٹی ہو۔
انہوں نے کہا کہ محافل شبینہ، تکمیل قرآن اور ذکر و اذکار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پولیس پٹرولنگ اور رینڈم چیکنگ ہر سطح پر مؤثر بنائی جائے۔ بازار، مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز پر پولیس نفری چوکس اور متحرک رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








