پیٹرولیم مصنوعات اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے بعد مرغی کا گوشت بھی مہنگا ہوگیا، جبکہ گوشت سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ نوٹ کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید قریب آتے ہی خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں مرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ گزشتہ 7روز میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 45روپے تک بڑھ گئی۔ پولٹری مارکیٹ میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 405 روپے تک جا پہنچی ہے۔
مرغی کے گوشت کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ کو بھی جان بوجھ کر مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے۔ بیشتر سبزیاں فی کلو 20 سے 30روپے تک مہنگی ہوگئیں جبکہ پھلوں کی قیمت فروخت بھی 50 روپے فی کلو تک بڑھ گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55روپے اضافے کے معاملے پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عید کے بعد ملک گیر ہڑتال کرے گی۔ وائس چیئرمین پی پی ڈی اے طارق حسن کا 3 روز قبل کہنا تھا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل کی قیمت میں اضافہ کیا۔ پیٹرولیم لیوی میں 21روپے بڑھائے گئے، باقی کے 36روپے فی لیٹر کس کی جیب میں جارہے ہیں؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








