پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پریس سیکرٹری مفتی جمیل الدین احمد طویل علالت کے بعد 84 سال کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ کل بروز منگل 17 مارچ 2026 کو ادا کی جائے گی۔
سابق ڈائریکٹر جنرل ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سینئر بیوروکریٹ مفتی جمیل الدین احمد نے اپنے کیریئر کے دوران جرمنی میں پاکستان کے سفارت خانے میں پریس قونصلر اور نئی دہلی، بھارت میں پاکستان ہائی کمیشن میں پریس منسٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
سال 2002 میں انہیں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا۔ سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے تدریس کے شعبے سے وابستگی اختیار کی اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد میں شعبہ ابلاغِ عامہ کے پروفیسر اور سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ معروف انگریزی اخبارات دی نیوز اور ڈان اسلام آباد کیلئے بھی لکھتے رہے۔
مرحوم نے پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑ ے ہیں۔ان کی نمازِ جنازہ17 مارچ منگل کوان کے بڑے صاحبزادے کی کینیڈا سے آمد کے بعد صبح 11:00 بجے اسلام آباد کے H-8 قبرستان میں ادا کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ کا مفتی جمیل الدین احمد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پیشہ وارانہ قابلیت اور صلاحیتوں سے بلند مقام حاصل کیا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اشفاق احمد خلیل نے مفتی جمیل الدین احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مفتی جمیل الدین احمد ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








