بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے جیوانی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستان کوسٹ گارڈ کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی۔ اس حملے میں دو اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ علاقے کے پانوان مقام پر پیش آیا۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائیک سلیم اور سپاہی عدنان شامل ہیں جبکہ زخمی سپاہی عظیم کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
افسوسناک واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور شہید اہلکاروں سلیم اور عدنان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ان کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
وفاقی وزیر نے شہیدوں کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
یہ واقعہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں کی ایک کڑی ہے جہاں امن و امان کی صورتحال کو چیلنج کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








