عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی دستیابی مستحکم ہے اور کسی قسم کی قلت کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سپلائی سے متعلق نگرانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں ڈیزل کے ذخائر تقریباً 24 دن کے لیے کافی ہیں جبکہ پیٹرول بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ خام تیل سے لدا ایک جہاز کراچی پہنچ چکا ہے جبکہ ایک اور جہاز جلد پہنچنے والا ہے۔ حکام کے مطابق مارچ اور اپریل کے دوران تیل کی مزید درآمدات کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے ہدایت دی کہ عوام پر مالی بوجھ کم سے کم رکھا جائے اور ایندھن کی مسلسل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کی صورتحال اور سپلائی کی نگرانی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مصنوعی قلت کے خدشات کو ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی دی گئی۔
حکام نے یقین دہانی کرائی کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں مکمل طور پر فعال ہیں اور ملک میں ایندھن کی کمی کا کوئی خطرہ نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ایندھن کے ذخائر کی نگرانی کا نظام متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
حکومت نے توانائی کی فراہمی کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف عالمی ذرائع سے روابط بڑھانے پر بھی غور کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








