پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید کے موقعے پر دوستوں اور رشتہ داروں کو عید کارڈ بھیجنا ایک درخشندہ روایت رہی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دم توڑتی جارہی ہے، لیکن آج کے دور میں اس کی جگہ ڈیجیٹل کارڈز اور عید سے متعلق ایسے خوبصورت پیغامات نے لے لی ہے جنہیں واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک دوسرے تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
یہ تأثر بے بنیاد ہے کہ عید کارڈز کا دور ختم ہوگیا، بلکہ یہ دور اس وقت تک سلامت رہے گا جب تک عوام کی بڑی تعداد عید کارڈز خریدنا بند نہیں کرے گی اور آج کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عید کارڈز دستیاب ہیں، یہ الگ بات کہ انہیں خریدنے والوں کی تعداد کم ہوگئی جس کی مختلف وجوہات ہیں۔
مثال کے طور پر کسی بھی خوبصورت عید کارڈ کا انتخاب، پھر اسے ہاتھ سے لکھ کر اپنے دوستوں اور رشتہ داروں تک پہنچانا تو ایک وقت طلب کام ہے ہی، دوسری جانب کارڈ وصول کرنے والوں کی جانب سے اس کی قبولیت اور اظہارِ مسرت بھی اہمیت کا حامل ہے جسے دیکھتے ہوئے بہت سے لوگ کارڈ نہ خریدنے کا انتخاب کرتے ہیں۔
ایک جانب لڑکیاں سہیلیوں کو عید کارڈز کے ہمراہ آرٹیفیشل جیولری اور چوڑیاں تحفتاً دیتی ہیں تو دوسی جانب لڑکے اپنے دوست احباب کو عید کے تحفے کے طور پر پین، رومال، گھڑی اور بعض اوقات دیگر لوازمات سے بھی نوازتے تھے، تاہم آج جب عید کارڈ کا دور اپنے اختتام کے قریب نظر آتا ہے، ڈیجیٹل کارڈز کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے۔
ڈیجیٹل عید کارڈ کیسے بنائیں؟
اگر آپ بھی کوئی ڈیجیٹل عید کارڈ بنانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے کینوا ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہے اور اسی طرح دیگر پلیٹ فارمز کا بھی استعمال کیاجاسکتا ہے، تاہم کینوا کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ اس کی مدد سے خوبصورت عید کارڈ بنانا بے حد آسان ہے کیونکہ کینوا میں عید کارڈ بنانے کیلئے پہلے سے تخلیق کردہ خوبصورت ٹیمپلیٹس دستیاب ہیں۔
سب سے پہلے کینوا ڈاٹ کام کی ویب سائٹ وزٹ کریں, یہاں سائن اِن کرنے کیلئے گوگل کا انتخاب کریں اور اپنی جی میل آئی ڈی فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ہی کینوا آپ کو اس اسکرین تک لے جائے گا جہاں ڈیجیٹل عید کارڈ آسانی سے بنایا جاسکتا ہے۔

یہاں یور ڈیزائنز، ٹیمپلیٹس اور کینوا اے آئی میں سے درمیانی آپشن یعنی ٹیمپلیٹس کا انتخاب کریں اور سرچ باکس میں انگریزی حروف میں عید کارڈ لکھیں، جیسا کہ مندرجہ بالا اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے۔ بہت سے خوبصورت عید کارڈ کے ٹیمپلیٹس سامنے آجائیں گے۔ اگر اس سے قبل آپ نے پرو ورژن کا ٹرائل یا پرو ورژن کی خریداری نہیں کی، تو ایسے ٹیمپلیٹ کا انتخاب کریں جس کے دائیں نچلی جانب سنہری تاج بنا ہوا نہ ہو۔

کینوا میں کراؤن یا تاج کی یہ علامت نشاندہی کرتی ہے کہ اس قسم کے ٹیمپلیٹس صرف پروورژن استعمال کرنے والے صارفین کیلئے دستیاب ہیں، تاہم فری ورژن میں بھی خوبصورت ٹیمپلیٹس مل جاتے ہیں۔ ان میں سے کسی کا بھی انتخاب کیاجاسکتا ہے، مثال کے طور پر یہاں ایک ٹیمپلیٹ کا انتخاب کرکے کسٹومائز دِس ٹیمپلیٹ کا بلیو بٹن دبا دیں۔

اگلی اسکرین پر آپ اپنے منتخب کردہ ٹیمپلیٹ کو ایڈیٹ کرکے اپنی مرضی سے کارڈ وصول کرنے والے اور بھیجنے والے کا نام تحریر کرسکتے ہیں۔ اس کا طریقہ کلک اینڈ ٹائپ سے ملتا جلتا ہے۔ تاہم یہاں کلک کرنے کے بعد یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ کینوا نے جس ٹیکسٹ باکس کا انتخاب کیا ہے، اس کی چوڑائی کتنی ہے کیونکہ منتخب ٹیمپلیٹ میں نام ٹو اور فرام کے بعد آگے ہی تحریر کیاجاسکتا ہے۔

مندرجہ بالا اسکرین میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹو کے سامنے کارڈ وصول کرنے والے کا نام مسٹر علی (فرضی نام) لکھا گیا ہے جبکہ فرام میں نام لکھنے سے قبل ٹیکسٹ باکس کو ماؤس کے ذریعے ڈریگ کرکے مزید چوڑا کیا گیا ہے تاکہ نام لکھنے کیلئے جگہ بنائی جاسکے۔ اسی طرح دیگر تبدیلیاں اور اضافے کرنے کے بعد کارڈ کو امیج یا پی ڈی ایف کی صورت میں ڈاؤن لوڈ کیاجاسکتا ہے۔

ایڈیٹنگ سے مطمئن ہونے کے بعد اوپر دائیں جانب دیا گیا شیئر کا بٹن دبائیں، جس کے بعد کاپی لنک کے علاوہ ڈاؤن لوڈ کا آپشن بھی نظر آنے لگے گا۔ یہاں کلک کردیں۔ اگلی اسکرین میں آپ اپنے پسندیدہ فارمیٹ، مثلاً جے پی جی، پی ڈی ایف یا پھر پی این جی کا انتخاب کرکے اپنا عید کارڈ ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔

ڈاؤن لوڈنگ کے بعد عید کارڈ کو واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور لنکڈ اِن سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھیجا جاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








