پی پی پی کی سینیٹر شیری رحمان کی نوجوان صاحبزادی انتقال کر گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

شیری رحمان
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کی نوجوان صاحبزادی ماروی ملک تکلیف دہ مرض کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جواں سال ماروی ملک کو برین ہیمرج کے باعث 5روز قبل کلفٹن کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جنہیں 3 روز قبل ہی طبیعت زیادہ ناساز ہونے کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماروی ملک برین ہیمرج کے باعث انتقال کر گئیں، ان کی نمازِ جنازہ پیر کو سہ پہر ساڑھے 3 بجے ڈی ایچ اے فیز 8 میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین مقامی قبرستان میں کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ماروی ملک کے انتقال پر شیری رحمان کے اہل خانہ، پیپلز پارٹی کی تمام تر سیاسی قیادت اور ملک بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی جارہی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی ماروی ملک کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شیری رحمان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Related Posts